لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت اور ان کے ہینڈلرز نے اگر انتخابات نہ کروائے تو یہ پھر کسی بھی بھول میں نہ رہیں۔
یوم مزدور کے سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کے علاقے ناصر باغ میں تحریک انصاف کے تحت نکلنے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مزدوروںو ان کا حق تب ملے گا جب ملک میں قانون کی حکمرانی ہوگی۔ ہم آج ملک میں مزدوروں کی خاطر اور آئین کی حکمرانی کے لیے نکلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اور پختونخوا میں بیٹھے لوگ گھس بیٹھیے ہیں۔ نگراں حکومتوں نے دونوں صوبوں میں انتخابات کے لیے کوئی عمل نہیں کیا۔ یہ انتخابات پر اس وقت راضی ہوں گے جب سمجھیں گے کہ عمران خان کو راستے سے ہٹا دیں گے۔ جرائم پیشہ افراد انتخابات نہیں چاہتے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پارٹی کو کمزور اور مجھے راستے سے ہٹانے کے لیے یہ لوگ انتخابات سے فرار ہو رہے ہیں۔عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس نے واضح کہا کہ انتخابات 14 مئی کو ہوں گے۔ عمران خان نےبتایا کہ منگل کے روز ہونے والے مذاکرات کے تیسرے دور میں ہم نے دو ٹوک بات کرنی ہے کہ اگر 14 مئی کواسمبلیاں تحلیل ہوتی ہیں تو ہم انتخابات پر تیار ہیں، اگرانہوں نے اس بات سے اتفاق نہیں کیا تو پھر کسی بھول میں نہ رہیں، ہم نہیں مانیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ آئین کی خلاف ورزی کریں، سپریم کورٹ کا حکم نہ مانیں تو پاکستان مزید تباہی کی جانب جا سکتا ہے۔ ایسی صورت حال میں نہ صرف حالات مزید بگڑیں گے بلکہ ملک میں کوئی سرمایہ کاری بھی نہیں کرے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے ملک کی معیشت کو دیکھتے ہوئے پہلے پرامن احتجاج کیے اور پھر ختم کردیے۔ اس بار اگر یہ انتخابات کو مؤخر کرتے ہیں تو پی ٹی آئی ایک بار پھر سڑکوں پر نکلے گی۔ تحریک انصاف عدالت عظمیٰ، چیف جسٹس اور آئین کے ساتھ ہوگی۔ ہم ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کریں گے۔