لاہور:مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ یہ بات ذہن میں ڈال لیں نظام نہیں چل رہا، ملک میں نئے صوبے بنا دیں، ہم نے کالا باغ ڈیم نہیں بنایا جس کا خمیازہ آج سارے بھگت رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ آج بد قسمتی سے ہم سب تماشائی بنے بیٹھے ہیں، ہر روز ملک کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے، سیاسی دشمنی، نفرت میں بدل گئی ہے، ملک کے ادارے ایک دوسرے کے سامنے صف آراء ہیں، ہم سب اس مشکل کو محسوس کر رہے ہیں، یہ ملک کے نظام کی بہت بڑی ناکامی ہے، نظام ڈیلیور نہیں کر رہا۔ یہ بات انہوں نے لاہور منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک کے مسائل کی وجہ سیاسی، جوڈیشل، ملٹری لیڈر شپ کی مشترکہ ناکامی ہے، لیڈر شپ نہ ہی نظام میں صلاحیت ہے کہ معاملات درست ہوں، معاملات کو حل کرنے کیلئے سب کو اکٹھا ہونا ہو گا، جس ملک میں انتشار ہو اس کی دنیا میں کوئی حیثیت نہیں ہوتی، تسلیم کرنا ہو گا ملکی معاملات مشکل میں ہیں، بنیادی سوال یہ ہے معیشت کی حالت کیا اور ترجیحات کیا ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج کے فورم کا مقصد ایشوز پر بات کرنا تھا، ہم کسی پر تنقید اور نہ کسی کی تعریف کرتے ہیں، 75 سال گزرنے کے باوجود ہم مسائل حل نہیں کر سکے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں نہیں چاہتیں کہ لوکل گورنمنٹ نظام چلے، مفتاح اسماعیل نے معیشت کے حوالے سے مشکلات بارے آگاہ کیا، ہر آدمی پریشان ہے، مسائل کا حل تلاش کرنا ہو گا، تمام جماعتیں حکومت میں رہیں کیا ڈیلیور کر پائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں الیکشن پر الیکشن چوری ہوتا رہا، سیاسی زندگی میں 24 چیف جسٹس دیکھے ہیں، ہزاروں جرنیل اور ججز دیکھے، جب سیاست دان کی اہلیت ختم ہو جاتی ہے تو پھر ملک نہیں چلتے، آج دنیا بدل گئی ہے، سیکرٹری نظام نہیں چلا سکتا، سیاست دانوں میں اہلیت ہو گی تو وہ مسائل حل کر سکیں گے، ملک میں حقیقی لیڈر شپ نہیں ہو گی تو معاملات نہیں چلیں گے۔
شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھاکہ آج نیب کی وجہ سے حالت یہ ہے کہ سیکرٹری وزیر اعظم کو کہتا ہے سمری نہیں بنا سکتا نیب پکڑ لے گا، ہم آج تک رولز آف بزنس تبدیل نہیں کر سکے، سیکرٹری نیب سے خوفزدہ ہے تو نظام کیسے چلائیں گے، ہم میں اتنی صلاحیت نہیں کہ رولز آف بزنس ہی تبدیل کر لیتے، سب چیزوں کو درست کرنا پڑے گا، یہ حکومت کی ناکامی ہے وہ نہیں سمجھ سکی کہ اس کی اصل ذمہ داری کیا ہے۔