لاہور: پی پی رہنما نے کہا ہے کہ اگر سپریم کورٹ اپنا آرڈر خود تبدیل نہیں کرتی تو انتخابات 14 مئی ہی کو ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت کو مجبور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ وہ خود کہہ دے الیکشن 90دن میں نہیں ہو سکتے۔سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے گھر چھاپا، بکتر بند گاڑی سے گیٹ توڑ کر نئی روایتیں ڈالی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گھر پر چھاپے پر قانونی کارروائی ہو سکتی ہے ۔
بیرسٹر اعتزاز احسن گزشتہ روز پی ٹی آئی کے صدر چودھری پرویز الٰہی سے یکجہتی کے لے ان کے گھر پہنچ گئے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سابق وزیراعلی کے گھر چھاپے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پرویز الٰہی کے گھر ضمانت کے باوجود چھاپا مارا گیا، اس سارے ایکشن کیخلاف قانونی کارروائی ہوسکتی ہے۔میری پرویز الٰہی سے نہیں فیملی سے ملاقات ہوئی۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ پی ٹی آئی کو سوچنا چاہیے کہیں پلان تو نہیں، پرویز الٰہی کے گھر کا دروازہ بکتر بند گاڑی سے توڑنے کی کوشش کی گئی، کیوں نئی قسم کی روایتیں ڈالی جا رہی ہیں۔اعتزاز احسن نے کہا کہ بربریت سے حکومت اور اتحادیوں کو نقصان ہوا ہے، ایسے لگتا ہے یہ مذاکرات سے گریز کر رہے ہیں،حکومت مذاکرات سے نکلنا چاہتی ہے، ساری کارروائی پر توہین عدالت ہی لگے گی۔
انہوں نے الیکشن کمیشن کہتا ہے کہ ہمیں فنڈز نہیں مل رہے۔اب یہ ممکن نہیں رہا کہ مقررہ وقت پر الیکشن ہوں۔عدالت کو مجبور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ وہ خود کہہ دے الیکشن 90دن میں نہیں ہو سکتے،اعتزاز احسن نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ اپنا آرڈر خود تبدیل نہیں کرتی تو الیکشن 14 مئی کو ہی ہوں گے۔