اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ کی جانب سے پیش کیے گئے کراچی میں مردم شماری کی بے ضابطگیوں کو تسلیم کرلیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے وزیر اعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم کے وفد کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔
جس میں وفاقی وزرا احسن اقبال اور خرم دستگیر بھی شامل تھے جبکہ کے ایم کیو ایم کے وفد میں کنویئر خالد مقبول صدیقی، سید مصطفی کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم نے ادارہ شماریات کی جانب سے بے ضابطگیوں ، صوبائی حکومت کی بے قاعدگی اور شہری سندھ کی آبادی کم کرنے کے ثبوت وزیر اعظم کے سامنے رکھے اور وزیراعظم سے مردم شماری میں انصاف فراہم کرنے ، اعدادوشمار کو درست کرنے اور مردم شماری کے عمل کی شفافیت کے لیے مانیٹرنگ کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا۔
وزیراعظم نے ایم کیو ایم کی جانب سے یکسوئی کے ساتھ مردم شماری کی خامیوں اور اعداد و شمار میں کمی کی نشاندہی کو تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی مردم شماری میں جن مسائل کی نشاندہی کی اس سے پورے ملک میں درست مردم شماری میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے بروقت متعلقہ وزرا اور اداروں کو غلطیوں سے آگاہ کیا، اس سے ہر شہری کو درست شمار کرنا ممکن ہوگا۔
وزیراعظم نے مسائل کو حل کرنے کیلئے متعلقہ وفاقی وزیر اور اداروں کو ایم کیو ایم کے ساتھ بیٹھنے اور عملی اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کردی ۔