نیت صاف ہو تو سیاسی مسائل کا حل نکل سکتا ہے، شاہ محمود قریشی

456
legally defend

اسلام آباد:تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومتی اتحاد نے کہا ابھی ان کو وقت چاہئے، ہم نے کہا وقت لے لیں اور ایک پروپوزل سامنے لائیں۔

مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج مذاکرات کی پہلی نشست مکمل ہوئی، تقریبا دو گھنٹے تک نشست جاری رہی، اگر نیت صاف ہو تو سیاسی مسائل کا حل نکل سکتا ہے۔

سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ  ہم آئین کے دائرے کے اندر رہ کر حل تجویز کریں گے، عوام کی فلاح اور پاکستان کے مفاد کو سامنے رکھ کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں، قوم کو ہیجانی کیفیت سے نکالنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ  عمران خان نے ہمیں مکمل مینڈیٹ دیا ہے، طے ہوا ہے جمعہ کو اسی کمیٹی روم میں تین بجے ملاقات ہوگی، جماعتیں متفق ہیں کہ سیاسی مسائل کا حل ساتھ بیٹھ کر نکل سکتا ہے، ہم نے اس عمل کو تاخیر کا شکار نہیں ہونے دینا ، اس کا مثبت حل نکالنا ہے، اگر ان کا پروپوزل آئین کے دائرے میں ہوا تو کھلے ذہن سے بات کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے اپنا نقطہ نظر پیش کیا، ڈائیلاگ کو معنی خیز طریقے سے آگے بڑھایا جا سکتا ہے، مذاکرات کو تاخیری حربے کے طور استعمال نہیں کیا جانا چاہئے، پی ٹی آئی سمجھتی ہے کہ فوقیت عوام کی فلاح کو دینی چاہئے، ہم مذاکرات کے ذریعے حل نکالنا چاہتے ہیں۔