افغانستان ، ٹریفک کے تین المناک حادثات،22 افغان شہری جاں بحق ، 39زخمی

536

   کابل:افغانستان میں ٹریفک کے تین المناک حادثات میں کم ازکم22 افغان شہری جاں بحق اور 39 دیگرزخمی ہو گئے۔ جاں بحق اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل بتائے جاتے ہیں۔

افغان میڈیا نے صوبہ بلخ کے اطلاعات کے مقامی سربراہ محمدآصف وزیری کے حوالے سے رپورٹس میں کہا ہے کہ گزشتہ روز  شمالی صوبہ بلخ کے ضلع نہرشاہی کے علاقہ شادیان میں ایک پک اپ تیزرفتاری اور غفلت کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کرقلابازی کھاتے ہوئے اْلٹ گئی جس میں سوار 11 افغان شہری موقع پر جاں بحق اور 12 دیگر زخمی ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 بچے اور 3 خواتین جبکہ زخمیوں میں 6 بچے اور 4 خواتین شامل ہیں۔ وزیری کے مطابق تمام زخمیوں کو مزار شریف کے اسپتال متقل کردیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ادھرصوبہ بادغیس کے ضلع بالامرغاب میں ایک لینڈکروزر چیپ حادثہ کا شکار ہوگئی جس میں سوار 5 افغان شہری جاں بحق اور9 دیگر زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق جاں بحق و زخمیوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

بتایاجاتا ہے کہ لینڈکروزرصوبہ ہرات سے صوبہ فاریاب جارہی تھی کہ حادثہ پیش آیا۔زخمیوں کو قریبی ہسپتال پہنچادیا گیا۔افغان حکام کے مطابق حادثہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔

دریں اثناء جمعرات کے روز کابل سے قندہار جانے والی مسافر بس اْلٹنے کے نتیجے میں6 مسافر موقع پر جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے۔

قندہار کے گورنر کے ترجمان عطاء اللہ زید کے حوالے سے موصولہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ المناک حادثہ جمعرات کی صبح سات بجے پیش آیا ۔جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔تمام زخمیوں کو قندہار کے میرویس ہسپتال پہنچایا گیا جہاںدوزخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔