راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مذاکرات ایک جھانسا ہے، مذاکرات سے انہوں نے وقت چاہا، عید کی چھٹیاں بھی 5 دن کی دیں، پی ڈی ایم کی سیاسی موت عوام کے ہاتھوں لکھی جا چکی ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا اپنے ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ 13 جماعتوں کے اجلاس کی بلی آج تھیلے سے باہر آگئی ہے، ان میں ایسی جماعتیں بھی ہیں جنہوں نے کبھی اسمبلی کا منہ نہیں دیکھا، 11 سو ارب، اپنے کیسز ختم کروانے، نیب کا ستیاناس کرنے اور ملزمان کو لندن بھیجنے کے بعد کہتے ہیں مسئلہ 3 کا یا 4 کا ہے۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) April 26, 2023
ان کا کہنا تھاکہ مسئلہ قانون اور آئین کا ہے جسکا علم عدلیہ بلند رکھے گی، عدلیہ قانون، آئین کے ماتحت اور پاکستان، تمام ادارے عدلیہ کے ماتحت ہیں، عدلیہ نے 14 مئی کو الیکشن کا فیصلہ دیا جو 90 دن سے آگے نہیں جا سکتے، پاکستان کا کوئی قانون دان آکر ٹی وی پر بتا دے کہ کوئی قانون جس کے تحت الیکشن 90 دن سے آگے جا سکتے ہیں۔
شیخ رشید احمد کا مزید کہناتھا کہ ان کے پاس امیدوار نہیں یہ بھاگ گئے، عمران خان کی مقبولیت میں اور اضافہ ہو گیا ہے، عمران خان نے اپنے امیدواروں کی لسٹ مکمل کر لی اور ان کے پاس لوگ نہیں ہیں، شکست ان کا مقدر ہے، الیکشن ہوں گے، عدلیہ جیتے گی، آئین جیتے گا اور قانون جیتے گا.