چیف جسٹس ساس کی نہیں قوم کی آواز سنیں: رانا ثنااللہ

470

فیصل آباد:وفاقی وزیر داخلہ وصوبائی صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ چیف جسٹس ساس کی بجائے قوم کی  آواز سنیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق پورے ملک میں ایک ہی دن الیکشن کا انعقادضروری ہے جبکہ پنجاب میں پہلے الیکشن منعقد کروانا درست نہیں کیونکہ اگرپنجاب میں کسی ایک پارٹی کی حکومت ہوگی تو باقی پارٹیوں کے ساتھ انصاف نہیں ہوگانیز ان کی حکومت میں فتنے نے ایک مہینہ بھی سکون سے نہیں گزارا، کبھی وہ لانگ مارچ کی دھمکی دیتاہے اورکبھی کچھ اور دھمکی،اب کہتا ہے کہ پورے ملک میں سے پہلے پنجاب میں الیکشن کروا دیں اور باقی بعد میں کروائے جائیں جو کسی صورت قابل قبول اقدام نہیں کیونکہ جب الیکشن فری اینڈ فیئر نہیں ہوتے تو ملک تباہ ہوجاتا ہے اسلئے الیکشن کا فری اینڈ فیئر ہونا اور اس کے نتیجوں پر اعتمادو یقین ہونا بہت ضروری ہے وگرنہ ملک میں مزید انارکی پھیلے گی جس کا یہ ملک متحمل نہیں ہوسکتا۔فیصل آباد جس کا اہتمام وہاں کی سادات فیملی کی جانب سے کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں مذکورہ پروقار تقریب میں مدعو کیا گیا جس پر وہ منتظمین کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو فرائض ان کے اوپر ہیں وہ ان کو جانتے ہیں اور اس ذمہ داری کو پوراکرنے کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔  فیصل آباد میںآئی این پی سے گفتگو کر تے ہوئے  انہوں نے کہا کہ اس حلقے کے لوگوں نے انہیں کامیاب اور ان پر اعتماد کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ چار سال انہوں نے اپوزیشن میں گزارے اوراپوزیشن میں ان کے خلاف بہت مقدمے ہوئے لیکن انہوں نے اس کی کوئی انتقامی کاروائی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ 16اکتوبر کوان کی اسمبلیاں ختم ہوں گی اس کے بعد کیئر ٹیکر حکومت کی نگرانی میں الیکشن ہوں گے جو فری اورفیئر ہونگے۔ راناثنااللہ خان نے کہا کہ ہمیں آپکی خدمت کرنے کا موقع ایک مرتبہ پھر ملے گا۔انہوں نے کہا کہ جب اسٹیبلشمنٹ ساتھ تھی تو اس نے عمران کا ساتھ دیا اور اس کو اس ملک میں مسلط کردیالیکن اس نے ملک کیلئے کچھ نہیں کیا جبکہ میاں نواز شریف تین دفعہ وزیر اعظم بنا تو انہوں نے موٹرویز،میٹرو بس اور سٹرکوں کے جال بچھائے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سڑک جو ہے وہ ترقی لے کر آتی ہے،اس سے فاصلے کم ہوتے ہیں اور ان کے جال مسلم لیگ ن نے بچھائے لیکن عمران بتائے اس نے تین سال میں کیا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نے اپنی حکومت میں ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا،جب عمران خان وزیر اعظم تھے انہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ ایک معاہدہ کیااورآج اسی معاہدے کی وجہ سے ملک زوال کا شکار ہورہا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پٹرول مہنگا،بجلی و گیس مہنگی یہ سب آئی ایم ایف کے معاہدہ کی وجہ سے ہوا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس معاہدہ کے حوالے سے آئی ایم ایف سے بہت بات کی لیکن آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ ہم نے کسی وزیر اعظم سے نہیں پاکستان سے کیا ہے۔

راناثنااللہ خان نے کہا کہ ہر دفعہ مسلم لیگ(ن) اور میاں نواز شریف نے اس ملک کو زوال سے نکالا ہے اور انشااللہ اب بھی الیکشن سے قبل میاں نواز شریف واپس آئیں اور اپنی قوم کی رہنمائی کریں گے۔

راناثنااللہ خان نے کہا کہ دو مہینہ کے لیے مسلم لیگ(ن) کو پنجاب کی حکومت ملی تھی اس دوران آپکے علاقہ میں بائی پاس کے بہت برے حالات تھے مگر بعد میں چار سال کسی کو خیال نہیں آیا کہ یہ بائی پاس بننا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آپکے گاؤں کا سیوریج اور ڈسپنسری کا مسئلہ ہے اس کو بھی حل کروائیں گے اورایک سال میں آپکے حلقے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جا ئے گااور پھر آپکو سوچنا پڑے گا کہ کونسا کام باقی رہ گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ تمام لوگوں کا شرکت کرنے پر شکریہ ادااور ان سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ بھرپور طریقے سے اپنی انتخابی مہم شروع کریں۔انہوں نے کہا کہ وہ یقین دلواتے ہیں کہ ان کا جو فیصلہ ہوگا اس پر آپکو خوشی ہوگی۔