وزیراعظم کا کوٹ لکھپت جیل کا دورہ

373

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کا عید کے روز کوٹ لکھپت جیل کا دورہ ، قیدیوں سے ان کے مسائل دریافت کیے اور انتظامیہ کو اقدامات کی ہدایت کی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم جیل پہنچے جہاں قیدیوں سے ملاقات میں ان کے مسائل سنے اور تحائف بھی تقسیم کیے۔

قیدیوں کو عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جیل میں قیدی اپنے گھروالوں سے دور بیٹھے ہیں، قیدیوں کے تاثرات جانتا ہوں، دعا ہے تمام قیدی اچھے پاکستانی بن کر واپس گھروں کو لوٹیں۔

دورۂ جیل کے موقع پر وزیراعظم نے خواتین قیدیوں کے مسائل سنے، اس دوران خاتون نے وزیراعظم کو پولیس سے متعلق شکایت  کی کہ میرے بیٹے کو مارا گیا، شوہر کو بھی جیل میں ڈال دیا گیا۔ اس پر وزیراعظم نے انتظامیہ کو خاتون کی شکایت پر انکوائری قائم کرنے کی ہدایت کردی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جیل میں قید لوگوں کے گھر والے اپنے پیاروں کو یاد کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جیل میں اچھے بیت الخلاء بنانا، صفائی کے انتظامات قیدیوں کی بنیادی ضروریات ہیں، قیدیوں کے نہانے اور کپڑے دھونے کے نظام میں بھی بہتری لائی جائے گی، ملک بھر کی جیلوں میں علاج کی بہترین سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے۔