لاہور: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میرے کارکنان کا شکریہ جنہوں نے مجھے جیل جانے نہ دیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عمران خان نے چاند رات کے موقع پر کارکنان سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے کارکنان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے جیل جانے نہیں دیا ، اور رینجرز و پولیس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
عمران خان نے کہا کہ آج سے 75 سال جب پاکستان بنا تھا ، تب یہ طے تھا اسلامی جمہوریہ پاکستان بنے گا ، لیکن نہیں بن سکا، عوام کا پیسہ جب بھی چوری ہوتا ہے کسی جمہوری ملک میں معاف نہیں کیا جاتا، جو معاشرہ بڑے ڈاکوؤں کو نہیں پکڑتا، صرف چھوٹے چوروں اور ڈاکوؤں کو پکڑتا ہے وہ تباہ ہو جاتا ہے،
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان میں جنگل کا قانون ہے ، میرے لوگوں کو گھروں سے اٹھا کر لے جاتے ہیں، علی امین کو کبھی کسی مقدمے میں جیل میں ڈالتے ہیں جب ضمانت ملتی ہے تو نئے مقدمہ میں اندر کردیتے ہیں، اس کو جیل میں اس لیے ڈالا ہے کہ عید باہر نہ کر سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام پاکستانی تیار ہو جائیں، ہم عید کے بعد تحریک شروع کریں گے ، اگر یہ اسی طرح کے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کرتے رہے اور الیکشن نہیں کروائے ، تو تمام پاکستانی سڑکوں پر ہوں گے۔