پنڈدادنخان: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل قانون بنتے ہی اگلے لمحے عملدرآمد معطل سمجھا جائیگا۔
ہفتہ کو نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظوری کے 10 روز گزرنے کے بعد ہفتہ کو باقاعدہ قانون بن گیا ہے اور اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اس بل کے قانون بننے سے متعلق نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کی بدولت اس قانون کی اہمیت نہیں ہے۔
سپریم کورٹ کا حکم تھا کہ قانون بنتے ہی اگلے لمحے عملدرآمد معطل سمجھا جائے گا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 3 مئی کو سپریم کورٹ کی سماعت میں اس پر فیصلہ ہوگیا تھا اور 8 رکنی بینچ نے اس قانون پر عملدرآمد معطل کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے واضح کہا تھا کہ قانون بنا تو اگلے لمحے ہی معطل ہو جائے گا۔