سلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں مصنوعی قلت پیدا کرکے چینی کی اسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی کو بھی اشیاءِ ضروریہ بالخصوص چینی کی قیمت بڑھا کر ناجائز منافع خوری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیرِ اعظم نے چینی کی قیمت، اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وفاقی وزیرِ قومی غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ، نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔
اجلاس میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن اور چینی کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے وزارت قومی غذائی تحفظ کو چینی کی ایکس-مل پرائس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشاورتی عمل میں شامل کرنے کی ہدایت کی ۔
شہباز شریف نے چینی کے ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایت بھی کی جبکہ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے چینی کے پکڑے گئے سٹاکس کو صارفین کو سستے داموں فروخت کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ۔