بیجنگ: چین کے مشرقی صوبے انہوئی کے صدرمقام ہیفے میں چائنہ خلائی کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے، جو 23 سے 26 اپریل تک ہوگی۔منتظمین کے مطابق رواں سال کی کانفرنس میں دنیا بھر کے ماہرین اور اسکالرز جمع ہوکر گہری خلائی کھوج ، انسان بردارخلائی سفر، سیٹلائٹ انٹرنیٹ، کوانٹم کمیونیکیشن، ایرو اسپیس الیکٹرانکس، تجارتی خلائی پرواز اور دیگر شعبوں پر تبادلہ خیال کریں گے اور مزید بین الاقوامی تعاون بڑھانے کے طریقے تلاش کریں گے۔
چائنیز سوسائٹی آف ایسٹروناٹکس اور چائنہ اسپیس فانڈیشن کی مشترکہ میزبانی میں منعقدہ یہ کانفرنس چین کے آمدہ خلائی دن کی اہم سرگرمیوں میں سے ایک ہے۔ یہ دن 24 اپریل کو منایا جائے گا۔منتظمین کے مطابق کانفرنس میں 2023 میں خلائی شعبے کے اہم سائنسی اور انجینئرنگ مسائل پر ایک رپورٹ جاری کی جائے گی
۔کانفرنس میں 30 سے زائد ذیلی فورمز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ جن میں چین- جاپان-جنوبی کوریا یوتھ سمپوزیم، بیرونی خلا میں قانون کی حکمرانی پر عالمی سمپوزیم اور اعلی درجے کے مکالمے شامل ہیں۔یہ سالانہ کانفرنس عالمی تعلیمی تبادلوں، خلائی صنعت میں تعاون اور سائنس کی مقبولیت کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے ۔ اس کانفرنس کا پہلی بار انعقاد 2018 میں ہوا تھا۔