اسلام آباد :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پوری پاکستانی قوم کو عیدالفطر کی مبارک باد پیش کی ہے۔
جاری کردہ پیغام کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے پوری امت مسلمہ کو بھی پاکستان کی جانب سے عید الفطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اخوت و محبت کا پیغام بھیجا ہے۔
انہوں کہا کہ دعاگو ہوں، اِس عید الفطر کا بابرکت دن میرے وطن سمیت پوری دنیا کے لیے امن، بھائی چارے اور خوشحالی کا وسیلہ ثابت ہو۔
قوم کے نام اپنے پیغام میں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ یہ عید اس عزم کے ساتھ منانی چاہیے کہ ہم معاشرے سے پولرائیزیشن کا خاتمہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو آئین کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، جو حقیقی معنوں میں پاکستان کا آئینہ دار ہے۔ پاکستان کو ہم آہنگی، رواداری اور مساوات کا گہوارہ بنانے کے لیے ہم میدان میں ڈٹ کر کھڑے ہیں، اور 1973ع کے آئین کی حتمی فتح نوشتہ دیوار ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ عید پر ہم اپنے ان شہیدوں کو بھی یاد کرتے ہیں، جنہوں نے مادرِ وطن کیلئے اپنی جانیں قربان کیں اور ہم ان شہداء کے اہلخانہ سے بھی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے عوام کو اپیل کی کہ وہ عید پر نادار و محتاج افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنا نہ بھولیں۔
پی پی پی چیئرمین نے دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کو اپیل کی ہے کہ وہ آج مقبوضہ کشمیر کے اپنے بھائیوں کو بھی یاد رکھیں اور نمازِ عید کے دوران ان کی جائز جدوجہد آزادی کے جلد بارآور ہونے کی دعا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔