ملک میں صاف اور شفاف الیکشن ہی تمام بحرانوں کا حل ہے ،سراج الحق

672
involved

لوئر دیر:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں بیک وقت سیاسی، آئینی اور معاشی بحران ہے جس نے ہر باضمیر پاکستانی کو پریشان کر رکھا ہے، تمام بحرانوں کا حل یہی ہے کہ ملک میں صاف اور شفاف الیکشن ہوں، شفاف انتخابات کے لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں الیکشن کے لیے ایک تاریخ پر متفق ہو جائیں۔

سراج الحق نے کہا کہ  ظاہر ہے ایک تاریخ پر اتفاق رائے قائم کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ ضروری ہیں، ملک کسی ایک جماعت یا دو جماعتوں یاایک دو لیڈران کی خواہش پر نہیں چل سکتا۔ 23کروڑ عوام اس ملک کے وارث ہیں اور ان کا فیصلہ ہی حتمی ہو گا۔

 انھوں نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ سیاسی جماعتیں اگر مل بیٹھیں تو مسئلہ کا کوئی نہ کوئی بہتر حل نکل آئے گا اور انتخابات کی تاریخ پر اتفاق رائے پیدا ہو جائے گا، جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ آئندہ الیکشن میں عدلیہ، الیکشن کمیشن اور اسٹیبلشمنٹ مکمل طور پر غیر جانبدارہو جائیں، مرکز اور صوبوںمیں نگران حکومتوں کا قیام ہو اور ایک دن الیکشن ہوں تاکہ ملک خدانخواستہ خانہ جنگی اور فساد کی کسی بھی ممکنہ صورت سے نجات حاصل کرے۔

امیر جماعت نے کہا کہ وہ عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ انھیں ووٹنگ کے لیے پرامن ماحول مہیا کریں گے اورانھوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ عوام ایسے پاکستان کی تشکیل کے لیے ووٹ دیں جہاں کرپشن، بدامنی نہ ہو، ہر شخص کو عدل و انصاف ملے، ہر بچے کو تعلیم اور روزگار ملے، استحصال کا خاتمہ ہو، ملک کے وسائل عوام پر خرچ ہوں، ایسا پاکستان صرف جماعت اسلامی ہی بنا سکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کی خاطر بنا مگر بدقسمتی سے گزشتہ 75برسوںمیں یہاں ایک دن کے لیے بھی قرآن و سنت کا نظام نافذ نہیں ہوا، اگر آزادی کے بعد ملک کو اسلامی نظام مل جاتا تو بنگلہ دیش نہ بنتا۔