بیجنگ:چین نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان امن مذاکرات کیلئے سہولت کاری کی پیشکش کردی۔
غیر ملکی میڈیارپورٹس کے مطابق چینی وزیرخارجہ چن گانگ نے اسرائیل اور فلسطین کے اعلیٰ سفارت کاروں کیساتھ علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چین فریقین کے درمیان امن مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کیلئے تیار ہے، مذاکرات کی فوری طور پر بحالی کی حمایت کرتے ہیں۔
چینی وزیرخارجہ نے دونوں فون کالز پر دو ریاستی حل پر عمل درآمد کی بنیاد پر امن مذاکرات پر چین کے موقف پر زور دیا۔
خیال رہے کہ چین نے حال ہی میں سفارتی میدان میں ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے ایران اور سعودی عرب کے درمیان مارچ میں تعلقات کی بحالی کے لیے بنیادی کردار ادا کیا تھا۔