پاکستان آئین اور قانون کی جنگ لڑ رہا، قوم ساتھ، عدلیہ جیتے گی،شیخ رشید

434

اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری چاہتے ہیں کہ شہباز شریف نااہل ہو جائیں، پاکستان آئین اور قانون کی جنگ لڑ رہا ہے امید ہے عدلیہ جیتے گی۔ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آصف علی زرداری کہتے ہیں عمران خان مقبول لیڈر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آئین اور قانون کی جنگ لڑ رہا ہے، عدلیہ جیتے گی کیونکہ قوم عدلیہ کے ساتھ ہے، عدلیہ نے دور اندیشی سے آئین کو بلند رکھا۔ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نیب کا قانون حکومت اراکین کے گلے میں لٹکا ہوا ہے، کیسوں سے ہم گھبرانے والے نہیں ہیں۔  ان کا کہنا ہے کہ سیاستدان بند گلی میں جارہے ہیں، امید ہے عدلیہ جیتے گی، حکمران اپنے کیسز ختم کروانے آئے ہیں لیکن ان کی جان نیب سے نہیں چھوٹے گی، یہ قوم سڑکوں پر فیصلے کرے گی، آپ ملک سے بھاگ نہیں سکیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چابی والے کھلونوں نے 24 کروڑ عوام کے ملک کو مذاق سمجھ رکھا ہے، قوم مہنگائی سے پریشان ہے، قوم اس مہنگائی میں مری جارہی ہے، یہ ایک سال سے خیرات مانگ رہے ہیں، یہ ایک سال سے کشکول لے کر پھر رہے ہیں۔