لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ناپاک لندن منصوبے کا خمیازہ انتخابات میں بھگت لیں گے۔
پارٹی رہنما علی زیدی کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ پارٹی کے ایک اور سینئر رہنما علی زیدی کی کراچی میں گرفتاری پر مذمت کرتے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ سب اسی لندن پلان کا حصہ ہے جس کے تحت نواز شریف کو تحریک انصاف کو کچلنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔
عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے 3 ہزار سے زائد کارکنوں کو گرفتار، اغوا اور وحشت کا نشانہ بنایا جاچکا ہے۔ پولیس کے ذریعے مزید غیرقانونی کارروائیوں سمیت 27 رمضان المبارک کے بعد یا عیدالفطر کے موقع پر زمان پارک پر یلغار کے نئے منصوبے پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ انتخابات کی صورت میں ہمیں کمزور کردیں گے، میں دوٹوک الفاظ میں واضح کر دوں کہ یہ ہتھکنڈے ان کے کسی کام نہیں آئیں گے، ان سب حربوں سے محض عوام کا غصہ ہی بڑھ رہا ہے اور یہ اس ناپاک لندن منصوبے کا خمیازہ انتخابات میں بھگت لیں گے۔
دریں اثنا لاہور زمان پارک میں افطار کے وقت کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جب میچ ہار کی طرف ہو تو ٹیم کپتان کی طرف دیکھتی ہے جب وہ گرا ٹیم ہار گئی، جب تک کسی ٹیم کا کپتان کھڑا رہتا ہے تو ٹیم لڑتی رہتی ہیں۔
انہوں نے نام لیے بغیر مریم نواز پر تنقید کی اور کہا کہ پہلے کہتی تھی لندن تو چھوڑو میری پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں ہے اور اب 2 سال بعد لندن میں اربوں کی پراپرٹی نکل آتی ہے، ایسے عمل سے لوگ عزت نہیں کرتے، اب تو اور چیزیں بھی نکلتی آرہی ہیں۔