عید کی چھٹیوں میں عمران خان کی گرفتاری کا پلان تیار کیا گیا ہے، عمران اسماعیل کا دعویٰ

438

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے دعویٰ کیا ہے کہ عید کی چھٹیوں میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کرنے کا پلان تیار کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اپنے ایک بیان میں سابق گورنر سندھ نے کہا کہ تحریک انصاف کے خلاف پروپیگنڈا کرنا حکومت کا وتیرا ہے۔پی ٹی آئی کے طوفان کو روکنے کیلیے لندن پلان پر عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران عمران خان کی گرفتاری کا پلان بھی تیار کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہزادی چاہتی ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ پر کام کیا جائے، یہ چاہتے ہیں عمران خان اور پی ٹی آئی قیادت کو گرفتار کر کے الیکشن میں جائیں۔ وکیل کی رسائی کے لیے علی زیدی سے رابطے کی کوشش کررہے ہیں۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ عدلیہ سے اپیل ہے ملک میں جو ہورہا ہے اُس کا نوٹس لیا جائے، اتنا ظلم آمرانہ دور میں بھی نہیں ہوا جتنا آج ہورہا ہے، ملک کو نوچ کر کھانے والے اقتدار میں بیٹھے ہیں، ادارے چاہیں تو ملک کے حالات بہتر ہوسکتے ہیں۔