ہم اپنا کام کر رہے ہیں اور سپریم کورٹ اپنا، وفاقی وزیر قانون

816

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ہم اپنا کام کر رہے ہیں اور سپریم کورٹ اپنا،تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے‘ادارے ایک دوسرے کے دائرے میں نہ آئیں،ایک دوسرے کی حدود میں نہیں جائیں گے تو تصادم نہیں ہو گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اعظم نذیر تارڑ نے موجودہ ملکی صورتحال اور عدالتی اصلاحات بل کے معاملے پر کہا ہے کہ ادارے ایک دوسرے کے دائرے میں نہ آئیں،ایک دوسرے کی حدود میں نہیں جائیں گے تو تصادم نہیں ہو گا،پارلیمنٹ اس وقت صرف اپنا کام کر رہی ہے اور سپریم کورٹ اپنا کام کر رہی ہے۔

دوسری جانب سپریم کورٹ میں فنڈز فراہمی کیس کی اِن چیمبر سماعت کے بعد اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان سے صحافیوں نے سوال کیا کہ کیا حکومت توہین عدالت کا سامنا کرے گی؟ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ کس چیز کی توہین عدالت؟ فنڈز کے معاملے پر حکومتی مؤقف سے عدالت کو آگاہ کر دیا ہے،وفاقی حکومت نے کابینہ سے قانون پاس کروایا ہے۔