عدالت عظمیٰ: پنجاب الیکشن کیلیے فنڈز کی عدم فراہمی پر حکومت کو نوٹس

291

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے صوبہ پنجاب میں انتخابات کے لیے فنڈز فراہم نہ کرنے پر اٹارنی جنرل، گورنر اسٹیٹ بینک ، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کے لیے فنڈز کی فراہمی توہین عدالت کی کارروائی سے زیادہ اہم ہے، لیکن الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے فنڈز فراہم نہیں کیے، جو عدالتی احکامات کی حکم عدولی ہے، جس کے نتائج قانون میں واضح ہیں۔

چیف جسٹس نے تمام افسران کو پرسوں 14 اپریل کو چیمبر میں طلب کر لیا اور گورنر اسٹیٹ بینک کو دستیاب وسائل سے متعلق تمام تفصیلات بھی ہمراہ لانے کا حکم دیا۔ عدالت نے سیکرٹری خزانہ کو بھی تمام ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کرتے ہوئے استفسار کیا بتایا جائے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کیوں نہیں کیا گیا۔

عدالت نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات کے حوالے سے تمام ریکارڈ بھی فراہم کرنے کا حکم دیا۔