آئین کی گولڈن جوبلی: 50 روپے مالیت کے یادگاری سکہ کا اجرا

704

کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری) پاکستان کے 1973ء کے آئین کی گولڈن جوبلی کے موقع پر اسٹیٹ بینک 50 روپے کا یادگاری سکہ 14 اپریل بروز جمعہ سے جاری کرے گا۔

2023ء اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی گولڈن جوبلی کا سال ہے۔ اس خصوصی موقع کی مناسبت سے وفاقی حکومت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرنے کی اجازت دی ہے۔

پاکستان کی قومی اسمبلی کی جانب سے متفقہ طور پر آئین 10 اپریل 1973ء کو منظور کیا گیا تھا۔ پاکستان کے اعلیٰ ترین قانون کی حیثیت کے حامل اس دستاویز کو 1973ء کے آئین کے طور پر بھی یاد رکھا جاتا ہے۔

’اس آئین کا مقصد پاکستان کے قانون، سیاسی ثقافت اور نظام کو رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ اس میں ریاستی خدوخال کا تعین کیا گیا ہے اور یہ آبادی کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ہر پاکستانی شہری کی سلامتی کی ضمانت دیتا ہے۔‘

اسٹیٹ بینک کے اعلامیہ کے مطابق یہ یادگاری سکہ 14 اپریل 2023ء سے اسٹیٹ بینک اور بینکنگ سروسز کارپوریشن کے فیلڈ دفاتر کے تمام تبادلہ کاؤنٹرز سے جاری کیا جائے گا۔

سکے کی شکل گول ہے جسے 30 ملی میٹر سمت کے ساتھ نقش کیا گیا ہے۔ اس کا وزن 13.5 گرام اور یہ 75 فیصد تانبے اور 25 فیصد نکل کے دھاتی اجزا پر مشتمل ہے۔

50 روپے کے یادگاری سکے کے دھاتی اجزا، شکل ، سمت اور ڈیزائن درج ذیل ہیں۔

سامنے کا رخ
سکے کے سامنے کے رخ کے درمیان میں بڑھتا ہوا ہلالی چاند اور پانچ نوکوں پر مشتمل ستارہ دیا گیا ہے، جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔ سکے کے دائرے کے ساتھ چاند ستارے کے اوپر ’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘ کے الفاظ اردو اسکرپٹ میں کندہ کیے گئے ہیں۔چاند کے نیچے اور گندم کی اوپر کو اٹھتی ہوئی دو شاخوں کے اوپر سکے کے اجرا کا سال 2023 تحریر ہے۔ سکے کی ظاہری مالیت ’50‘ ابھرے ہوئے اعداد میں اور ’روپیہ ‘ اردو اسکرپٹ میں بالترتیب چاند ستارے کے دائیں اور بائیں جانب تحریر کیے گئے ہیں۔

پچھلا رخ
سکے کی پچھلی طرف اور مرکز میں’ آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان‘ کے عنوان سے کتاب کی تصویر انگریزی اسکرپٹ کے ساتھ دکھائی گئی ہے۔ اس تصویر کے اوپر دائرے کے ساتھ اردو اسکرپٹ میں ’آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی‘ کے الفاظ درج ہیں۔تصویر کے نیچے ’1973-2023‘ اعداد میں سکے کے دائرے کے ساتھ درج ہے، جو گولڈن جوبلی تقریبات کی مدت کو ظاہر کرتا ہے۔ فنکارانہ عددی الفاظ میں ’50‘ اور اردو میں لفظ ’سال‘ بالترتیب سکے کے دائیں اور بائیں جانب تحریر ہیں۔