کوئٹہ: پولیس کی گاڑی پر دھماکا، 2 اہلکاروںسمیت 4 افراد جاں بحق

574

کوئٹہ:  بلوچستان کے دارالحکومت شہر کوئٹہ میں ایک مصروف چوک پر پولیس کی گاڑی پر دھماکا کیا گیا، جس میں 2 پولیس اہل کاروں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دھماکا قندھاری بازارشارع اقبال پر ہوا، جس میں 2 پولیس اہلکار، ایک بچی اور ایک شخص جاں بحق ہوگئے۔دھماکے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو بھی اسپتال لایا گیا۔ طبی ذرائع کے مطابق دھماکے کے 8 زخمی اسپتال لائے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے سبب گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا، واقعے کے بعد  سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

لیویز ذرائع کے مطابق دھماکے میں کمشنر قلات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی، وہ اسکواڈ کے ہمراہ خضدار سے کوئٹہ جارہے تھے۔ دھماکے میں کمشمنر قلات ڈویژن محفوظ رہے البتہ اسکواڈ کی ایک گاڑی کو نقصان پہنچا ہے، جس میں 2 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوئے، تمام کا تعلق بلوچستان کے علاقے سوراب سے تھا۔