سعودی عرب کا وفد سفارتی بحالی کے لئے ایران پہنچ گیا

562

تہران :سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی دوبارہ بحالی کیلئے سعودی عرب کا وفد تہران پہنچ گیا ۔

رپورٹس کے مطابق قونصل خانے کی دوبارہ بحالی کیلئے سعودی تکنیکی وفد ایران پہنچ گیا جس کی سربراہی سینیئر سفارت کار ناصر بن عوض آل غنوم کر رہے ہیں۔

ایران اور سعودی عرب نے مارچ میں اپنی سفارتی کشمکش کو ختم کرنے اور اپنے سفارتی مشن کو دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا، جب چین نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے ایک معاہدہ کیا تھا۔

چینی صدر شی جن پنگ نے اس معاہدے میں ثالثی کا کام سر انجام دیا ہے جس نے 2016 میں سعودی عرب کے ایران کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کے بعد تعلقات کی بحالی کو دیکھا۔

سعودی پریس ایجنسی کے حوالے سے سعودی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ہفتہ کو یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان 10 مارچ کو طے پانے والے “سہ فریقی معاہدے پر عمل درآمد” کا حصہ تھا۔

ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ “دونوں فریقوں نے بیجنگ معاہدے پر عمل درآمد اور اس کے فعال ہونے کی اہمیت پر زور دیا جس سے باہمی اعتماد اور تعاون کے شعبوں کو وسعت ملے اور خطے میں سلامتی، استحکام اور خوشحالی پیدا کرنے میں مدد ملے”۔

جمعرات کو جب سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہ نے بیجنگ میں ملاقات کی تو انہوں نے ہنگامہ خیز خلیجی خطے میں سلامتی اور استحکام لانے کے عزم کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ نے چین نے ملاقات کی تھی جس میں سفارتخانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔