وزیراعظم ہاؤس میں داخل ہونے والا مشکوک شخص گرفتار

616

اسلام آباد: وزیراعظم ہاؤس میں ایک مشکوک شخص داخل ہوگیا جس کے بعد پولیس سمیت تمام اداروں کی دوڑیں لگ گئیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک مشکوک شخص وزیراعظم ہاؤس میں داخل ہوا جسے سیکیورٹی اداروں نے حراست میں لے لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشکوک شخص تین روز قبل مختلف راستوں سے ہوتا ہوا وزیر اعظم ہاؤس میں داخل ہوا جس کے بعد سی ٹی ڈی نے اسے نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ مشکوک شخص وزیراعظم ہاؤس میں داخل کس طرح ہوا سیکورٹی ادارے اس بات کی کھوج لگانے میں مصروف ہوگئے ہیں ساتھ ہی وزیر اعظم ہاؤس کی سیکورٹی پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشکوک شخص خود کو افغانستان کا رہائشی بتاتا ہے۔سی ٹی ڈی، پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کی گرفتار ملزم سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اس حوالے سے اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایک مشکوک شخص کو پاک سیکریٹریٹ سے گرفتار کیا گیا، مشکوک شخص کوئی شناخت پیش نہیں کرسکا تھا، مشکوک شخص کو پاک سیکریٹریٹ اور وزیراعظم ہاؤس سے ملحقہ دیوار کے پاس سے حراست میں لیا گیا، مشکوک شخص کی ذہنی صورتحال جانچنے کے لیے میڈیکل ٹیسٹ بھی کروایا جارہا ہے۔