صادق آباد: انتظامیہ نے چینی کے سٹے بازوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چاولوں کے تھیلوں میں چھپائی گئی چینی کی 6 ہزار بوریاں تحویل میں لے لیں جبکہ موقع سے گرفتار 3 ملزمان سمیت مل مالک کے خلاف مقدمہ کر لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر صادق آباد شکیل احمد بھٹی کی سربراہی میں اے این انڈسٹریز و رائس ملز میں کارروائی کی گئی جب کہ اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد حماد حامد، ڈی او انڈسٹریز عمادالدین جتوئی سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی کارروائی کے دوران ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے بتایا کہ انتظامیہ کو اطلاع ملی تھی کہ تحصیل صادق آباد میں موجود رائس ملز میں چینی ذخیرہ کی گئی تھی۔ اے این انڈسٹریز و رائس ملز کے مالک اسرار احمد نے 4 ماہ قبل چینی ذخیرہ کی تھی۔ شکیل احمد بھٹی نے بتایا کہ مالکان نے حکومتی ہدایات کے باوجود چینی کو مقامی انتظامیہ کے ریکارڈ میں ڈکلیئر نہیں کیا تھا۔
چینی کو سرکاری تحویل میں لے کر مالکان کے خلاف ذخیرہ اندوزی و سٹے بازی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں اشیا روزمرہ کی ذخیر اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔