اسلام آباد: سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حکومت کو بحران سے نکلنے کیلیے اسمبلی توڑنے کی تجویز دے دی۔
ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں اسد قیصر نے کہا کہ ہم مذاکرات کیلیے تیار ہیں، ماحول حکومت نے بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سنجیدہ ہے اور بحران سے نکلنا چاہتی ہے تو قومی اسمبلی کو توڑنا پڑے گا۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ حکومت حالات کنٹرول کرنے کے بجائے بحرانوں میں اضافہ کر رہی ہے، اگر حکومت ایک ہی دن الیکشن کرانا چاہتی ہے تو اسمبلیاں توڑ دے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں ختم کر دیں تو آئینی اصلاحات پر بات ہو سکتی ہے۔اسد قیصر نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف فراغت کے ڈر سے الیکشن نہیں کرا رہا، مریم نواز کا رویہ ایک لیڈر کا نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی1973 کے آئین کی خالق ہے لیکن اسی آئین کو توڑ بھی رہی ہے، پوچھتا ہوں پی پی آئین جوڑنے والی ہے یا توڑنے والی؟ اس نے آئین توڑا تو یہ بھٹو کی روح سے غداری ہوگی۔