اسلام آباد: تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سینٹر اعظم خان سواتی نے مریم نواز اور شہباز شریف کی نیب مقدمات میں عدالتی بریت پر نیب سے سپریم کورٹ میں اپیل دائر نہ ہونے کے معاملے میں فریق بننے کا فیصلہ کرلیا۔
تحریک انصاف کے رہنما کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ یہ بدترین کرپشن کا معاملہ ہے،اس معاملے میں سینٹر اعظم خان سواتی نے سپریم کورٹ میں باضابطہ درخواست دائر کردی ہے ۔عدالت عظمی سے تحریک انصاف کو معاملے میں فریق بننے کی اجازت کے حصول کی استدعا کر دی۔
ہفتہ کو پی ٹی آئی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سینٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ امپورٹڈ سرکار نے رجیم چینج کے بعد سب سے پہلا وار نیب پر کیا،نیب قانون میں ترمیم اور اس کے پرکاٹنے کا بنیادی مقصد اربوں روپوں کی چوری پر پکڑ سے نجات حاصل کرنا تھا۔
انھوں نے مزید کہا ہے کہ شریفوں کی بے جا مداخلت اور دبائو کے باعث نیب کے چئیرمین اپنے عہدوں سے مستعفی ہو چکے ہیں۔ نیب کی جانب سے مریم نواز اور شہباز شریف کی بریت کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں سے گریز کی ضرب قومی مفادات پر پڑتی ہے، تحریک انصاف قوم کا لوٹا گیا مال ہضم کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دے گی۔
چنانچہ تحریک انصاف نے معاملے میں فریق بننے کے لئے باضابطہ طور پر عدالتوں سے رجوع کر لیا ہے، اعظم سواتی نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اہم ترین معاملے میں وفاق پاکستان میں عوام کی نمائندہ سب سے بڑی جماعت کو معاملے میں فریق بننے کی اجازت دی جائے۔