اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئین اور قانون کے ساتھ سنگین مذاق کیا جا رہا ہے، قوم کی قسمت کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے مشاورت سے ٹھوس فیصلوں کی ضرورت ہے انتخابی التواء کیس میں عدالتی فیصلہ پر ایوان میں جمعرات کو قرارداد پیش کی جائے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس طرح کا کھلواڑ پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آیا، دیکھتی آنکھوں نے ایسا بھیانک منظر پہلے نہیں دیکھا، سیاسی پارٹیوں کی درخواست کو مسترد کیا گیا، سپریم کورٹ میں جس طرح سماعت ہوئی وہ ہم سب کے سامنے ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسی کے فیصلے کوایک سرکلرکے ذریعے ختم کیاگیا،پھرایک 6رکنی بینچ بنادیا گیا،تین رکنی بینچ نے فل کورٹ کی استدعا مسترد کو دی۔عدالت میں چار تین کے فیصلے کو نظرانداز کیا گیا، عدالت میں سیاسی جماعتوں کے فریق بننے کی درخواست بھی مسترد کردی گئی۔
وزیر اعظم نے مزید کہا ہم نے اتنا بھیانک منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا،اس طرح کا کھلواڑ پہلے کبھی نہیں ہوتے دیکھا،جو خود مقدمے سے ہٹ گئے وہ دوبارہ بیٹھ گئے۔فیصلے کے مطابق 17اپریل تک پنجاب حکومت نے سیکیورٹی فراہم کرنی ہے۔آئین اور قانون کے ساتھ جو مذاق ہو رہا ہے وہ عوام کے سامنے آنا چاہئے۔