عمران کیخلاف 121 مقدمات کا اخراج، عدالت کی اعتراضات دور کرنے کی ہدایت

608

لاہور:ہائیکورٹ نے عمران خان کے خلاف 121 مقدمات کے اخراج کے لئے درخواست میں مقدمات کی مصدقہ نقول فراہم کرنے سمیت دیگر اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کر دی۔  

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں قائم 2 رکنی بنچ نے اعتراضی درخواست پر سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ مقدمات کی مصدقہ نقول کی فراہمی بڑا مسئلہ نہیں ہے، عمران خان کے خلاف سیاسی دباو پر121جھوٹے مقدمات درج کر دئیے گئے ہیں، عمران خان پردہشت گردی اور قتل کے مقدمات سیاسی جدوجہد سے باز رہنے کے لئے درج کیے گئے، آئین پاکستان ہر شہری کو سیاسی اور جمہوری جدوجہد کی آزادی دیتا ہے۔ 

وکیل نے استدعا کی کہ عدالت پنجاب میں بے بنیاد اور جھوٹے درج 13مقدمات کو فوری خارج کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے مصدقہ نقول کی فراہمی کے لئے رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے قرار دیا کہ رجسٹرار آفس کے اعتراض کو دور کرنے کے لئے مناسب وقت دیا جا رہا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے دفتری اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔