کراچی : پولیس نے ڈاکٹربیربل قتل کیس میں مقتول کی اسسٹنٹ قرۃ العین کے سابق منگیتر زبیر کو بھی گرفتار کرلیا۔زبیر ڈاکٹر بیربل کو اپنی منگنی ٹوٹنے کا ذمے دارسمجھتا تھا۔
ڈاکٹربیربل قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، جس کے مطابق پولیس نے مقتول کی اسسٹنٹ قرۃ العین کے سابق منگیتر کو بھی حراست میں لے لیا۔ذرائع کا کہنا ہے ملزم ڈاکٹربیربل کو قراۃ العین سے اپنی منگنی ٹوٹنے کاذمے دارسمجھتا تھا، تاہم قرۃ العین کے بیان کی روشنی میں زبیرسے تفتیش جاری ہے۔
گزشتہ روز ماہر امراض چشم ڈاکٹر بیربل کے قتل کیس میں پولیس نے ڈاکٹر بیربل کی اسسٹنٹ قرۃ العین کو باقاعدہ گرفتار کرلیا تھا ، پولیس کے مطابق ملزمہ کو رات گارڈن تھانے منتقل کیا گیا، قراۃالعین پرمقتول ڈاکٹر کے بھائی نے قتل کا شبہ ظاہر کیا تھا۔اس سے قبل پولیس نے خاتون اسسٹنٹ کے رشتہ دار کو بھی حراست میں لے لیا تھا۔
خیال رہے کہ 30 مارچ کو کراچی میں لیاری ایکسپریس وے گارڈن انٹرچینج کے قریب گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈاکٹر بیربل قتل اور خاتون زخمی ہوگئیں تھیں، ڈاکٹر بیربل کو قریب سے دو گولیاں ماری گئیں۔
حکام کے مطابق ڈاکٹر بیربل کی گاڑی پر گارڈن کی حدود میں افطار سے پہلے اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ کلینک سے واپس جارہے تھے، واقعہ میں خاتون اسٹنٹ بھی زخمی ہوئی، خاتون کا کہنا تھا انہوں نے حملہ کرنے والوں کو نہیں دیکھا جبکہ اہل خانہ نے بتایا کہ ڈاکٹر بیربل کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔