لاڑکانہ: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 3 ججز ایک بار پھر پاکستان کو آمریت کی دلدل میں دھکیل دیں گے، آج بھی وقت ہے ہوش کے ناخن لیں، لارجر بینچ نہ بنا تو آئینی بحران کے باعث ایمرجنسی یا مارشل لگنے کا خدشہ ہے۔
لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ گزشتہ حکومت میں پکڑے گئے دہشت گردوں کو رہا کرایا گیا، گزشتہ حکومت کے فیصلوں کی وجہ سے آج پھر پاکستان دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے، مسلح افواج نے پہلے اور اب بھی دہشت گردوں کو شکست دے گی، 1973 کے آئین کی بنیاد بھٹو نے رکھی، آصف زرداری دور میں آئین کو بحال کیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ ڈکٹیٹروں کی اولاد تحریک انصاف کا حصہ ہے، 3 جج صاحبان کو سوچنا چاہیے کیا ہو رہا ہے، سپریم کورٹ کے ججز اپنے کردار سے ثابت کریں گے عدلیہ ہے یا ٹائیگر فورس بننا چاہتے ہیں، 3 ججز پر صرف اپوزیشن نہیں باقی ججز بھی اختلاف کر رہے ہیں، 9 رکنی بینچ اب 3 رکنی بینچ بن چکا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ مناسب نہیں تھا یہی 3 ججز اس بینچ کی سماعت کرتے، جسٹس اعجازالاحسن اس بینچ کا کیسے حصہ ہیں، مناسب یہی ہے ایک لارجر بینچ بنا دیا جائے، اگر لارجر بینچ نہیں بنتا تو تاریخ عمر عطا بندیال کو معاف نہیں کرے گی، تخت لاہور کی لڑائی ایگو بن چکی ہے، تخت لاہور کے سیاسی مقابلے نے پوری سیاست کو یرغمال بنا لیا ہے۔