مظفر آباد: حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہادکونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ حزب المجاہدین کےآپریشنل چیف شہید غلام حسن خان المعروف سیف الاسلام تحریک آزادی کے وہ عظیم رہنما تھے جس نے گردن کٹوانے کو گردن جھکانے پر ترجیح دے کر تاریخ اسلام کے عظیم عساکر میں اپنا نام درج کرا دیا۔
سید صلاح الدین نے کہاکہ ان کی شہادت آنے والی نسلوں اور ہر دور میں مشعل راہ ثابت ہوئی اور ہوگی، شہید سیف الاسلام میں قائدانہ صلاحیتیں بدرجہ اتم موجود تھیں اور انہوں نے حزب کے کارواں میں ایسے جانباز تیار کئے جنہوں نے دشمن پرکاری ضربیں لگائیں اور انہیں یہ احساس دلانے میں کامیاب ہوئے کہ مجاہدین جموں و کشمیر سر کٹواسکتے ہیں لیکن سر نہیں جکا سکتے۔
انہوں نے کہاکہ سیف الاسلام 2اپریل 2003 کو شہادت سے سرفراز ہوئے اور آج ان کی شہادت کے 20 سال گذرنے کے باوجود ان کی جلائی ہوئی شمع اپنی روشنی بکھیر رہی ہے اور ظالم و جابر قوتیں حیران و پریشان ہیں کہ ہر طرح کیظلم وجبر کے باوجود کشمیری قوم کے ذہن سے آزادی کا تصور کھرچ لینا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔
سید صلاح الدین احمد نے سیف الاسلام کے علاوہ ڈوڑہ کے کمانڈر شہید طارق حسین عرف ابو زید کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو آج ہی کے دن کیلر شوپیان میں شہادت سے سرفراز ہوئے۔