لاہور :پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس پر چاہے فل بینچ بھی بن جائے فرق نہیں پڑتا، الیکشن 90 روز میں ہونے چاہئیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی سے پارٹی کے مرکزی صدر پرویزالہی نے زمان پارک میں ملاقات کی جس کے دوران دونوں رہنماں نے سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ چاہے فل بینچ بھی بنا دے ہمیں فرق نہیں پڑتا، آئین واضح طور پر کہتا ہے کہ انتخابات 90 روز میں ہونے چاہئیں۔
اس موقع پر چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن)عدلیہ تقسیم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، سپریم کورٹ کے خلاف کسی بھی سازش کا عوام بھرپور جواب دیں گے، بھکاری وزیراعظم نے قوم کو بھی بھکاری بنا دیا ہے۔