اگر90 روز میں الیکشن نہ ہوئے تو ملک میں آئین نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہے گی، عمران خان

440
constitution

لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 90 روز میں الیکشن نہ ہوئے تو ملک میں آئین نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہے گی۔

لاہور میں صحافیوں سے ملاقات میں عمران خان کا کہنا تھا کہ مقررہ مدت میں الیکشن نہ کروائے گئے تو ہم سڑکوں پرہوں گے۔ کس قانون کے تحت توڑی گئی پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں بحال ہوسکتی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے پہلے سوموٹو کے ذریعے قومی اسمبلی بحال کی تو اس وقت سوموٹو ٹھیک تھا، اب سپریم کورٹ نے الیکشن کےلیے سوموٹولیا تو یہ لوگ سپریم کورٹ کے پیچھے پڑگئے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی اور پرویزالہیٰ کو دوسری جماعتوں سے رابطہ بحال کرنے کاٹاسک دے دیا ہے۔ پارٹی کے کسی بھی رُکن کو دیگرجماعتیں اور سیاسی شخصیات سے ملنے پر کوئی پابندی نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ڈاکٹرعارف علوی ہمارے اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان کسی قسم کا کردار ادا نہیں کررہے، مجھےمعلوم ہے کہ اظہرمشوانی کوکون لوگ لے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی اور آئی جی پنجاب جرائم پیشہ افراد ہیں۔ میری غیر موجودگی میں میرے گھر پر حملے کا کوئی جواز نہیں تھا، گھر پر حملے سے متعلق کیس تیار کر لیا ہے، جلد ہی فائل کر دیا جائے گا