سندھ رینجرز کی امن و امان کی صورت حال یقینی بنانے کیلیے جامع حکمت عملی مرتب

512

 کراچی: پاکستان رینجرزسندھ کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران صوبے بھر میں امن وامان کی صورت حال کو یقینی بنانے کے لیے پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔

اس سلسلے میں مساجد، امام بارگاہوں،جماعت خانوں اور دیگر مذہبی مقامات پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں او ر تراویح کے اوقات میں اسنیپ چیکنگ، موبائل پٹرولنگ اور موٹر سائیکل اسکواڈ کے گشت کو مزید موثر اور فعال بنا دیا گیاہے۔

اس کے ساتھ ساتھ افطاری اور رات کے اوقات میں شاپنگ سینٹرز، رمضان بچت بازاروں اور پبلک مقامات پررینجرز کی نفری بھی بڑھا دی گئی ہے۔عوام الناس کو یہ بھی مطلع کیا جاتا ہے کہ کسی بھی فرد یا ادارے کو زبردستی زکو اور فطرانہ اکٹھا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

اس سلسلے میں عوام سے پر زور اپیل کی جاتی ہے کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں، اپنے ارد گرد مشکوک لوگوں پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی  اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔