جاپانی وزیراعظم کا مسلم ممالک کے سفرا کے اعزاز میں افطار ڈنر

454

ٹوکیو:جاپان کے وزیراعظم فومیو کشیدا نے مذہبی رواداری کے اظہار کے طور پر ماہ رمضان میں مسلم ممالک کے 38 سے زائد سفیروں کو افطار پر مدعو کیا۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپانی وزیراعظم فومیو کشیدا نے مسلم ممالک کے سفرا کے اعزاز میں دعوتِ افطار اور ڈنر کا اہتمام اپنے گھر پر کیا۔اس موقع پر جاپانی وزیراعظم کے اہل خانہ بھی موجود تھے جنھوں نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ 

روایات کا خیال رکھتے ہوئے کھجور سے افطار کرایا گیا اور انواع اقسام کے کھانے پیش کیے گئے۔جاپانی وزیر اعظم کے افطار ڈنر میں پاکستان کی نمائندگی سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے کی۔ جاپانی وزیراعظم نے اپنے مختصر خطاب میں مسلم ممالک کے سفیروں کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور رمضان کی مبارک باد پیش کی۔

جاپانی وزیراعظم نے اپنے خطاب میں مذہبی رواداری اور مختلف نظریات و عقائد رکھنے والوں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔مسلم سفرا نے دنیا میں امن و استحکام اور مذہبی احترام کے فروغ کے لیے جاپانی وزیراعظم فومیو کشیدا کا شکریہ ادا کیا۔