کراچی:شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریے نورس چورنگی فیکٹری کے قریب راشن تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی ، جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راشن تقسیم میں مچنے والی بھگدڑ میں زخمی ہونے والوں کو فوری طبی امداد کیلیے عباسی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ریسکیو کی ٹیمیں بڑی تعداد میں نورس چورنگی پہنچ گئیں ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی جائے وقوع پر پہنچ کر ٹریفک کیلیے راستہ بند کردیا ہے۔
نورس چورنگی کے قریب راشن تقسیم کے وقت کرنٹ لگا، جس کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں راشن لینے والوں میں بھگدڑ مچ گئی،جاں بحق افراد میں بچوں سمیت 6خواتین شامل ہیں، کپڑا رنگنے والی فیکٹری کے باہر راشن تقسیم کیا جارہا تھا ۔
راشن تقسیم میں مچنے والی بھگدڑ میں لوگ جان بچانے کیلیے جب بھاگے تو نالے کی دیوار گرگئی جس کے بعد کئی لوگ نالے میں بھی گر گئے ہیں ، اُن کو بھی ریسکیو کرنے کیلیے فلاحی ادارے کے کارکنان کام کررہے ہیں۔
دوسری جانب پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق راشن تقسیم میں مچنے والی بھگدڑ میں ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے، نالے کی دیوار کے ساتھ پانی کی لائن بھی ٹو ٹنے کی اطلاعات ہیں، راشن تقسیم کی پولیس میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی اور نہ ہی اضافی نفری مانگی گئی تھی۔