جسٹس روح الامین ایک دن کیلئے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تعینات

379

 پشاور:چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس قیصر رشید ریٹائرڈ ہوگئے اب جسٹس مسرت ہلالی یکم اپریل سے صوبے کی پہلی خاتون قائم مقام چیف جسٹس ہوں گی۔ 

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس قیصر رشید خان کے اعزاز کے موقع پر فل کورٹ ریفرنس منعقد ہوا۔ تقریب میں پشاور ہائی کورٹ کے ججز اور وکلا نے شرکت کی۔پشاور ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس روح الامین نے فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس کے کام کو سراہا اور کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ کے لیے یاد کیا جائے گا۔

چیف جسٹس قیصر رشید خان نے فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس وقار احمد سیٹھ جب کورونا کی وجہ سے ہسپتال میں داخل تھے تو اس وقت بھی ان کے چہرے پر مسکراہٹ رہتی ہے، آج بھی بنچ اور بار جسٹس وقار احمد سیٹھ صاحب کو مس کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک میں معاشی عدم استحکام ہے لیکن ہمیں امید ہے ملک مشکل حالات سے نکلے گا اور مزید ترقی کرے گا۔

دریں اثنا پشاور ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس روح الامین ایک روز کے لیے قائم مقام چیف جسٹس مقرر ہونے کے بعد آج 31 مارچ کو ریٹائرڈ ہوجائیں گے جس کے بعد پشاور ہائی کورٹ کی جسٹس مسرت ہلالی قائم مقام جسٹس ہوں گی اور سپریم جوڈیشل کونسل سے منظور کے بعد وہ صوبے کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہوں گی۔