یہ پاکستان اور اس کی عدلیہ ہے آپکا جوائے لینڈ نہیں، مریم نواز

366
judiciary

قصور:   پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ میں یہاں سے پیغام دینا چاہتی ہوں کہ یہ پاکستان ہے، یہ پاکستان کی عدلیہ ہے، آپ کا جوائے لینڈ نہیں ہے جہاں آپ بیگمات اور بچوں کی تفریح کے لیے فیصلے کرتے ہو۔

پنجاب کے ضلع قصور  کے کھڈیاں خاص میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئےمریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے کہتے ہوئے شرم آتی ہے ثاقب نثار اور خواجہ طارق رحیم نے آڈیو لیک میں کہا کہ مریم بہت بول رہی ہے، اس کو ٹھوکنے کا کوئی انتظام کرو، انکا حال دیکھو، ان کو جو آئینہ دکھاتا ہے، یہ کہتے ہیں اس کو ٹھوکو، یہ مریم نواز نہیں، یہ ثاقب نثار اور عمران خان کے وکیل کی زبان ہے، ثاقب نثار کہتا ہے مریم کے خلاف کوئی دھماکا کرنے لگو تو مجھے پہلے بتادینا۔

ان کا کہنا تھا کہ سہولت کار جائیں گے تو نواز شریف آئے گا،عمران کو گھنٹے میں ضمانتیں ملتی ہیں، اب یہ نہیں ہوگا کہ سہولت کار آئیں گے، گیدڑ کو لیڈر کا ماسک پہنانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن اندر سے گھڑی چور نکلا، عمران خان قانون کا سب سے بڑا مفرور ہے، نا اہلی اس کا انتظار کر رہی ہے،الیکشن ہو گا لیکن الیکشن سے پہلے سلیکشن کا فیصلہ ہو گا۔

مریم نواز نے کہا کہ سوچا بھی نہیں تھا کہ پورا کھڈیاں باہر آجائے گا، پوری دنیا جان گئی ہے یہ فتنہ حکومت میں ہو تو تباہی اور باہر ہو تو بربادی ہے، گیدڑ کو لیڈر کا ماسک پہنانے کی پوری کوشش کی گئی، سہولت کار جب اللہ کو پیارے ہو گئے تو ماسک اترا تو گھڑی چور نکلا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح اس کی درگت بنی سہولت کاروں نے بھی کانوں کو ہاتھ لگا لیا، کہتا تھا قانون سب کے لیے برابر ہے، آج قانون کا یہ سب سے بڑا مفرور ہے، جب عدالتوں نے کہا پیش ہو تو پلاسٹر اترنے کا نام نہیں لے رہا، چھتوں کے لینٹر کھل جاتے ہیں لیکن 5 ماہ سے پلاسٹر نہیں اتر رہا، کبھی کہتا ہے ٹانگ ٹوٹی اور کبھی کہتا ہے 72 سال کا بزرگ ہوں۔