راولپنڈی:سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہماری لڑائی ملٹری اسٹیبلشمنٹ سے نہیں، ملک کا خرانہ لوٹ کر باہر جانے والوں کے خلاف ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ اصل خوف عمران خان کی مقبولیت ہے، باقی سب بہانے ہیں، انگریز نے 1940 میں مینار پاکستان پر پابندی نہیں لگائی ان کے ایجنٹوں نے نہ صرف کنٹینر لگائے بلکہ سارے راستے سیل کر دیئے، اس کے باوجود میلوں سفر کر کے لوگ جلسہ گاہ پہنچے۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) March 26, 2023
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ادھار تیل کی سہولت 8 ماہ میں ہی ختم کر دی ہے، یو اے ای منہ نہیں لگا رہا، شدید معاشی بحران دروازے پر آگیا ہے، جو یہ سوچ رہے ہیں کہ ہم سب ٹھیک کر لیں گے وہ ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک نے آئین کے ساتھ چلنا ہے یا بدمعاشوں کے ساتھ، اس کا فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے، کل سپریم کورٹ پیش ہوں گا، آئی ایم ایف تو کیا جنیوا ڈونر کانفرنس سے بھی کچھ نہیں مل رہا، آٹے کے لیے زندگی موت کی لائن لگی ہوئی ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ جو کشمیر کی جدوجہد آزادی سے نا آشنا ہیں انہوں نے گلگت بلتستان کی پولیس پر صوبے سے باہر جانے پر پابندی لگا دی، مینار پاکستان کا جلسہ ناکام کرنے کے لئے تھریٹ الرٹ جاری کیا انٹرنیٹ بند اور گرفتاریاں کیں۔