اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے زلمے خلیل زادکے بیانات پرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ممالک سے کوئی مداخلت اور بیانات پاکستان کے جمہوری عمل کو متاثر نہیں کر سکتے، سمجھ نہیں آتا کہ کیوں حکومت پاکستان ایک فرد کے انفرادی بیانات کا جواب دے؟،پاکستان اور چین نے سی پیک سمیت تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پراتفاق کیا ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہاکہ پاکستان نے افغان انتظامیہ سے دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائی کا کہہ دیا ہے تاکہ ایسے عناصر مستقبل میں پاکستان کے لیے خطرہ نہ بنیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرے، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز بلند کرتا رہے گا ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری اور پراعتماد ملک ہے، کسی کے بیانات پاکستانی عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔
ترجمان نے سیکریٹری خارجہ کے دورہ چین سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اسد مجید خان نے چین کا اہم دورہ کیا، سیکرٹری خارجہ نے چینی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی، پاکستان اور چین نے سی پیک سمیت تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پراتفاق کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین قریبی و آزمودہ دوست ممالک ہیں ، کورونا کے بعد پاک چین تعلقات میں تیزی آئی ہے ، سکیورٹی کے حوالے سے وفود کا تبادلہ ایک حساس معاملہ ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں وزیر خارجہ کی شرکت پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، ایس سی او انتظامیہ کو بھارت کی جانب سے پرچم کے معاملے پر تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم افغان حکام سے رابطے میں ہیں، افغان حکام کو افغانستان میں موجود دہشتگرد عناصر پر تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے، پاکستان نے افغان انتظامیہ سے دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائی کا کہہ دیا ہے تاکہ ایسے عناصر مستقبل میں پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے خطرہ نہ بنیں۔