اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اورخیبرپختونخوااسمبلیوں کے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے 8 اکتوبر کی تاریخ کا اعلان کیا ہے.
تشویشناک بات ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے آرٹیکل 46 اور رولزآف بزنس کے تحت صدرکے ساتھ کوئی بامعنی مشاورت نہیں کی گئی۔
صدر مملکت نے خط میں وزیراعظم کی توجہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب بھی مبذول کراتے ہوئے پولیس،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مظالم ، شہریوں کے خلاف طاقت کے غیرمتناسب استعمال کی سنگینی کا بھی ذکر کیا ہے۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں، کارکنوں، صحافیوں اورمیڈیا کے خلاف متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں ، سیاسی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے ، شہریوں کو بغیر وارنٹ اور قانونی جوازکے اغوا کر لیا گیا۔
صدر نے خط میں بنیادی حقوق سے متعلق آئین کے مختلف آرٹیکلز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکلز کی واضح طور پرخلاف ورزی کی جا رہی ہے ،ایسے واقعات سے عالمی برادری میں پاکستان کا امیج خراب ہوا ۔
ایوانِ صدرپریس ونگ سے جاری خط کے مندرجات کے مطابق صدر نے اپنے خط میں کہا ہے کہ توہین عدالت سمیت مزید پیچیدگیوں سے بچنے کیلئے وزیر اعظم وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ حکام کو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مقررہ وقت میں عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کی ہدایت کریں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تمام متعلقہ انتظامی حکام کو انسانی حقوق کی پامالی سے باز رہنے کی ہدایت کی جائے۔
خط میں صدر نے ماضی قریب میں پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا نے بنیادی اور انسانی حقوق کی واضح خلاف ورزیوں کے واقعات کو اجاگر کیا، ایسے واقعات کے تدارک اور اصلاح کیلئے انہیں وزیراعظم کے نوٹس میں لانے کی ضرورت تھی ،صدر نے کہا کہ آرٹیکل 105 یا 112 کے تحت صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل پر آرٹیکل 224 (2) کے تحت 90 دن کے اندر انتخابات کرانا ضروری ہیں۔
سپریم کورٹ نے ای سی پی کو صدر کو 90 دن کے اندر انتخابات کرانے کیلئے تاریخ(تاریخیں) تجویز کرنے کا حکم دیا، گورنر خیبرپختونخوا کو بھی صوبائی اسمبلی کیلئے ٹائم فریم کے مطابق عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تاریخ مقرر کرنے کا حکم دیا گیا تھا، لگتا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں وفاقی اور نگراں حکومتوں نے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو عام انتخابات کے انعقاد کیلئے ضروری تعاون فراہم کرنے سے معذوری ظاہر کرنے کا کہا۔