اسلام آباد:پاکستا ن مسلم لیگ (ن ) پنجاب کے صدر اوروفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ میں یومِ پاکستان کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔1940 میں برصغیرکے مسلمانوں نے قرارداد پاکستان منظور کی اور ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا، ایسا وطن جہاں عوام اسلامی نظریات کے مطابق آزادی سے اپنی زندگی گزار سکیں۔آج کے دن ہم بانیانِ پاکستان جن کی جدوجہد اور قربانیوں کی بدولت پاکستان معرضِ وجود میں آیا، کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
ان خیالات کااظہار رانا ثناء اللہ خان نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میںکیا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں باالخصوص مسلمانوں پر ظلم و ستم، ہندوتوا کی بڑھتی ہوئی لہر اور مسلمانوں کے خلاف تشدد، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاںاور غیر قانونی طور پر بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے جاری مظالم اس بات کا ثبوت ہیں کہ اس وقت کی مسلم قیادت نے ایک دانشمند انہ فیصلہ کیا تھا۔یہ دن بحیثیت قوم ہمیں اپنی کامیابیوں اور خامیوں کا جائزہ لینے کی بھی یادہانی کراتا ہے۔
آزادی کے وقت ہمیں مہاجرین کی آبادکاری اور بحالی، نوزائیدہ ریاست کے آئینی اور انتظامی مسائل، سلامتی کے خطرات، نئی ریاست کو مضبوط سماجی، اقتصادی اور صنعتی بنیادوں پر استوار کرنے اور تنازعہ جموں و کشمیر جیسے بہت چیلنجزکا سامنا تھا۔ ان چیلنجز کے باوجود ہم نے اپنی مسلسل محنت اور قابلیت سے ہر شعبے میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ ہم نے ریاستی ادارے قائم کئے، اپنے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، پاکستان نے جوہری صلاحیت حاصل کی دہشت گردی پر قابو پایا اور پاکستانی قوم نے قدرتی آفات کے دوران قربانی اور تعان کے جذبے کا بھر پور مظاہرہ کیا۔
رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ میرا پختہ یقین ہے کہ آج بھی ہم پاکستان کو درپیش چیلنجزپر قابو پانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔اگر ہم اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں پر کاربند ہو جائیں تو ہم پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنا سکتے ہیں۔