پی ٹی آئی کا پنجاب میں الیکشن کا التوا سپریم کورٹ میں چیلنج کا اعلان

605
testifying

لاہور: تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب میں انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے مرکزی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ بدھ کی رات الیکشن کمیشن کے فیصلے نے آئین کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں، الیکشن ملتوی کرنے کے فیصلے کو آج جمعہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔

اسد عمر نے کہا کہ پارلیمنٹ میں خواہش کا اظہار کیا گیا، حسن اتفاق ہے چند گھنٹے بعد الیکشن کمیشن کا فیصلہ آگیا، یہ فیصلہ آئینی و قانونی نہیں ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جمعہ کو ہی سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی جائے گی، علی ظفر پٹیشن تیار کر رہے ہیں، گورنر خیبرپختونخوا کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ پہلے ہی دائر کر چکے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پنجاب کا الیکشن 30 اپریل کو کرایا جائے، لاہور ہائی کورٹ نے مینار پاکستان جلسے کی اجازت دیدی ہے، مینار پاکستان کا جلسہ تاریخی ہو گا، آئین کے دفاع کے لیے سپریم کورٹ کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا جائے گا، آئین کے دفاع کے لیے سپریم کورٹ کے پیچھے کھڑے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ جلسے کی تیاریوں کو تیز کر دیا ہے، پی ٹی آئی سینیٹرز پیر والے دن مشترکہ سیشن میں بھرپور طریقے سے موقف پیش کریں گے، انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدوار حلقوں میں کمپین جاری رکھیں، پٹیشن میں مطالبہ کیا جائے گا کہ 30 اپریل کو ہی الیکشن کرایا جائے۔