فیصل آباد: سابق وزیرمملکت اورمسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماطلال چودھری نے کہاہے کہ زلمے خلیل زاد کے بیان سے عیاں ہو گیا ہے کہ انہیں عمران خان کی زیادہ فکر ہے۔
سابق صوبائی وزیرخلیل طاہرسندھواورمسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے مرکزی سینئرنائب صدر رانااحمد شہریار خاں کے ہمراہ پی پی 100 میں وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ خاں کے کاغذاتِ نامزدگی کی اسکروٹنی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زلمے خلیل زاد افغانستان میں امریکی ایجنٹ تھے۔ عمران خان کہہ رہے تھے کہ ان کی حکومت کے خلاف امریکا نے سازش کی تھی اب عمران خان کے بارے میں زلمے خلیل زاد کے بیان نے ثابت کر دیا ہے کہ پس پردہ عمران خان کے امریکا کے ساتھ روابط ہیں ۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں مگر ایسے الیکشن کے لیے نہیں جیسا عمران خان چاہتے ہیں۔ ان کی ایک جیب میں توشہ خانہ اور دوسری جیب میں فارن فنڈنگ ہے۔ عمران خان اور ان کے سہولت کار ملک میں انارکی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے عمران خان کو جو صادق اور امین کا لقب دیا تھا وہ اس آڑ میں اپنی چوری کو چھپا رہے ہیں ۔پنکی پیرنی پردے کے پیچھے چھپ کر چوری کرتی رہی ہیں چوری چوری ہی ہوتی ہے چاہے پردے کے پیچھے ہو یا پردے سے آگے۔ پارلیمنٹ کے فیصلے ملکی تاریخ میں اہمیت کے حامل ہوتے ہیں پارلیمنٹ فیصلہ کرے گی کہ الیکشن کب ہونے ہیں۔ اگر پارلیمنٹ کے فیصلے کو نہیں ماننا تو اُسے تالے لگا د یے جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ نظام عدل پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ میاں نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نااہل کیا جاتا ہے جبکہ جو عدلیہ پر حملہ آور ہو رہے ہیں ان کے لیے الگ قانون ہیں۔عمران خان جب عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں تو جتھوں کی شکل میں عدلیہ میں توڑ پھوڑ کرتے ہیں مگر پھر بھی انکو ریلیف دیا جا رہا ہے ۔کارکنان ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ بھی تھے اور میاں نواز شریف کے بھی ساتھ ہیں۔ نظام عدل کو اپنی روایت تبدیل کرنا ہوگی۔
اُنہوں نے مطالبہ کیاکہ پرویز الٰہی کے سیکرٹری محمد خاں بھٹی کی متنازع ویڈیو میں لگائے گئے الزامات کے لیے ازخود نوٹس لیا جائے اور الزامات کی اعلیٰ سطحی انکوائری کروائی جائے ۔ ایسا نہیں ہو سکتا ہے کہ پی ٹی آئی والے پولیس والوں پر کیلوں والے ڈنڈے اور پٹرول بم برسائیں اور قانون حرکت میں نہ آئے ۔