کراچی : سابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی آزاد جموں و کشمیراورسابق امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کشمیر کے حقوق اور آزادی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کریں گے۔
عبدالرشید ترابی کا کہنا تھا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، پاکستان کے دریاؤں کے پانی پر ڈاکہ ڈال کر ایک بڑا ڈیم بنانے کی سازش بنا رہا ہے، جس سے پاکستان کی زمین بنجر بن جائے گی۔ کشمیری عوام کشمیر کے حقوق اور آزادی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کریں گی، کشمیریوں نے آزادی کے لیے لاکھوں قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے یہ بات کراچی پریس کلب میں کلب کے عہدیدران اور صحافیوں سے ملاقات کرنے کے دوران کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے ریاستی دہشت گردی کے بعد اب آئینی دہشتگردی شروع کر دی ہے اور کشمیر میں اب تک کشمیری عوام کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے 40 لاکھ غیر کشمیریوں کو کشمیر کا ڈومیسائل جاری کردیا ہے، جس پر پاکستان کے حکمرانوں کو جس طرح مزاحمت کرنی چاہیے تھی وہ نہیں کی گئی۔
سابق امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت اب حریت پسندوں کی جائیداد ضبط کررہی ہے، جس میں جماعت اسلامی کی 300 سے زائد اداروں کی ملکیت ضبط کی گئی ہے. عبدالرشید ترابی نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا واحد ملک ہے جس کے پاس ایٹم بم ہے، جس کو وہ کشمیری عوام کے لئے دھمکی اور سفارتی سطح پر بھی استعمال کرسکتا ہے، مگر ایسا نہیں ہو رہا ہے. انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کشمیر مسئلے پر کمزور پالیسی کی وجہ سے بھارت ملک کے اندر دہشتگردی کے واقعات کروارہا ہے اور ملک کے اندر سیاسی اور معاشی استحکام پیدا نہیں ہو رہا ہے جس کی وجہ سے کشمیریوں میں مایوسی پیدا ہو رہی ہے کیونکہ پاکستان ہی واحد ان کے مستقبل کا سہارا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی نے کشمیر کے مسئلے پر تائید کی ہے، جب کہ پاکستان کے دوست مسلم اور دیگر ممالک پاکستان کے حکمرانوں کی طرف سے کشمیر پر واضع پالیسی نہ ہو نے کے وجه سے جو کھل کر حمایت ہونی چاہیے وہ موجود نہیں ہےاور ممالک کے اپنے بیوپاری مفادات ہیں، سعودی عرب اور بھارت میں 86 ارب ڈالر کا کاروبار چل رہا ہے، پاکستان کی ریاست ہمیشہ سے کشمیر کی عوام کی طاقت رہی ہے اور کشمیری عوام بھی پاکستان کو اپنا ملک تسلیم کرتے ہیں۔
کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کراچی پریس کلب کل بھی اور آج بھی کشمیری عوام کی آواز بن کر رہے گا اور کشمیر کے علاوہ ملک کے دیگر مظلوم عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کے لیے اپنے دروازے کھول کر رکھے گا، اس تقریب میں عبدالرشید ترابی کے ساتھی اعجاز شاہ کے علاوہ کراچی پریس کلب کے نائب صدر مشتاق سہیل، خزانچی احتشام سعید قریشی، جوائنٹ سیکرٹری محمد اسلم خان گورننگ باڈی کے اراکین فاروق سمیع، کلثوم جہاں، ذوالفقار واہوچو، رمیز وہرا، ذوالفقار راجپر، سینئیر صحافی و ریزیڈنٹ ایڈیٹر مقصود یوسفی، نائب صدر کے یو جے محمد منصف،سابق سیکریٹری ارمان صابر، سینیئر صحافی شاہد حسین، ثاقب صغیر، سلیمان سعادت خان اور اراکین بھی موجود تھے. پروگرام کے اختتام پر صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد نے عبد الرشید ترابی کو اجرک کا تحفہ پیش کیا۔