جماعت اسلامی نمبر ون پارٹی، میئر کراچی بھی اِسی کا ہوگا، سراج الحق

513
became a tyrant

کراچی: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کراچی کی نمبر ون پارٹی ہے اور کراچی کا میئر بھی جماعت اسلامی ہی کا بنے گا۔

بلدیاتی انتخابات کی ملتوی شدہ 11نشستوں پر انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعدجماعت اسلامی کے تحت عوامی رابطے اور انتخابی مہم کے سلسلے میں نیو ایم اے جناح روڈ پرتعمیر کراچی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ کراچی کے شہری مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اسلامی انقلاب کے لیے اپنی زندگی کو وقف کیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نکالنا چاہتی ہے ۔ جماعت اسلامی ایسا نظام قائم کرنا چاہتی ہے جو قرآن و سنت کے مطابق ہو۔ ہم ایک ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں ظلم و استحصال اور طبقاتی نظام نہ ہو بلکہ صلاحیت کی بنیاد پر ہر ایک کو آگے بڑھنے کا حق ہو۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک ایسا منشور کے کر عوام کے پاس جارہی ہے جو دنیا کے ساتھ اخروی کامیابی کا بھی ذریعہ ہے ۔ جماعت اسلامی دوسری جماعتوں کی طرح محض سیاسی جماعت نہیں بلکہ دینی و نظریاتی جماعت ہے۔  ہم دعوت و تبلیغ اور تعلیمی ادارے بھی چلاتے ہیں ۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی جنرل انتخابات اور بلدیاتی انتخابات میں بھی حصہ اس لیے لیتی ہے تاکہ دنیا میں اللہ ک قانون نافذ ہوسکے۔ کراچی تاریخ کے حوالے سے اسلامی شہر ہے۔ پورے ملک میں اندھیر نگری اور چوپٹ راج قائم ہے 75 سال سے کراچی کے شہریوں کے ساتھ استحصال کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا ہے۔  کراچی کے عوام کا جماعت اسلامی پر اعتماد عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان کی وجہ سے ہے۔ عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان نے ہر آزمائش اور تکلیف کے موقع پر عوام کا ساتھ دیا اور ان کی خدمت کی۔

سراج الحق نے کہا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن نے شہر کے ساتھ ناانصافی کی ۔ جن نشستوں پر کراچی کے عوام کو تحفظات تھے ان میں تبدیل کرکے کراچی کے عوام پر شب خون مارا گیا۔ جماعت اسلامی کراچی کے ایک ایک ووٹ کا تحفظ کرے گی۔ جماعت اسلامی کراچی کی نمبر ون پارٹی ہے اور کراچی کا مئیر جماعت اسلامی کا ہی بنے گا۔جماعت اسلامی نمبرون پارٹی ،میئر کراچی بھی اسی کا بنے گا۔