اسلام آباد: سینئر نائب صدر تحریک انصاف شیریں مزاری نے کہا ہے کہ مریم نواز کی اپنی حیثیت ہی کیا ہے کہ وہ عمران خان کی پانچ منٹ گرفتاری کا بیان دیں،مریم نواز نہ پڑھی لکھی ہیں نہ ہی کچھ سوچنے سمجھنے کی کوشش کرتی ہیں۔
مریم نواز کی عمران خان سے سختی سے نمٹنے اور پی ٹی آئی کو کالعدم قراردینے کی گفتگو پر اپنے ردعمل میں شیریں مزاری نے کہاکہ الیکشن جیتنا تو بعد کی بات ہے آپ ابھی تک ایک الیکشن میں کھڑی تک نہیں، مریم کو کہنا چاہتی ہوں اپنی جہالت بار بار نہ دکھائیں کم از کم کچھ پڑھ ہی لیں آج پھر مریم نے ایک عجیب و غریب پریس کانفرنس کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مریم نواز کو اتنی سمجھ بھی نہیں ہے کہ دہشت گرد تنظیم کہتے کس کو ہیں،یہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے خوف سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہیں، دہشت گردی اگر کسی جماعت نے کی ہے تو وہ آپکے ڈیڈی کی جماعت ہے جس نے سپریم کورٹ پر باقاعدہ حملہ کیا تھا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سیاسی دہشت گرد جماعت بین ہونی چاہیئے تو وہ آپ کی جماعت ہے،آپ کو کبھی بھی جمہوریت یا آئین کی بالادستی کی سمجھ ہی نہیں رہی، آپ کا باپ چار سال سے لندن میں چھپ کر چوری کے پیسے سے عیاشیاں کر رہا ہے،صرف ایک سزا یافتہ مجرم کیلئے آپ پورے ملک سے جمہوریت ختم کرنا چاہتی ہیں۔