قانون کی حکمرانی بنیادی حقوق کے تحفظ کا وسیلہ بنتی ہے،عمران خان

299

لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی بنیادی حقوق کے تحفظ کا وسیلہ بنتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کے حوالے سے ہمارے نوجوانوں میں موجود تڑپ ہی تو ہے جس کیلئے میں نے ہمیشہ رب العزت سے دعا کی کہ ایک روز میری قوم کو اس سے آشنا کردے!وہ قومیں جن کے نوجوان آزادی کو اپنی زندگیوں سے بالا شمار کرتے ہیں، واقعتا کارنامے سرانجام دیتی ہیں۔ان خیالات کااظہار عمران خان نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جب قانون کی حکمرانی ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کا وسیلہ بنتی ہے اور وہ خود کواحساسِ کمتری سے پاک کرلیتے ہیں توعمومی انسانوں سے کہیں اوپر اٹھ جاتے ہیں جسکی جھلک ہمیں جنابِ اقبال کے تصورِ شاہین میں ملتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آئین اور 90 روز میں انتخابات کے انعقاد کی حمایت اور محاصرے کیساتھ زمان پارک میں (ریاستی)قوت کے بیجا استعمال کی مذمت میں ایک متفقہ قرارداد منظور کرنے پر میںلاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا شکرگزار ہوں۔ ہم سے یکجہتی کے اظہار کیلئے زمان پارک تک پیدل مارچ کرنے والے وکلا کا بھی میں نہایت مشکور ہوں۔